اڈپی،2؍جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے ہیبری میں نئے سال کے پہلے دن ہی ایک نجی کالج کے پروفیسر نے چھت کے پنکھے سے پھانسی لگاکر خود کشی کرلی ہے۔مہلوک کی شناخت وینکٹیش کے طورپر کی گئی ہے جو ایک کریے کے مکان میں رہائش پزیر تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ وینکٹیش جو کہ رون کا رہنے والا تھا، سرسی کی ایک لڑکی سے عشق میں گرفتار ہوگیا اور پانچ سال قبل اس کے ساتھ شادی بھی کرلی ، مگر لڑکی کے والدین کو اس کی خبر نہیں تھی۔وہ لڑکی بھی ہیبری کے ایک دوسرے پرائیویٹ کالج میں پروفیسرہے، جبکہ وینکٹیش موڈبیدری کے پرائیویٹ کالج میں پروفیسر تھا، لیکن کورونا لاک ڈاؤن کے بعد سے وہ بے روزگار تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ یکم جنوری کو وینکٹیش اپنے کالج جاکر لوٹنے کے بعد اپنے گھر لوٹا اور بیوی کو فون کیا کہ وہ جلد گھر پہنچ جائے۔ اس وقت اس کی بیوی طلبہ کی کلاس لے رہی تھی۔ شوہر کا فون آتے ہی وہ گھر کی طرف دوڑ پڑی ، لیکن جب وہ گھر پہنچی تو دیکھا کہ کمرے کے پنکھے سے وینکٹیش کی لاش لٹک رہی ہے۔اس کے پاس سے خودکشی سے پہلے لکھی گئی چٹھی بھی برآمد ہوئی ہے۔
ہیبری پولیس اسٹیشن کے افسران نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ تحقیقات جاری ہے۔